جے پور۔ (یو این آئی ) آئی پی ایل -12 میں اپنے پہلے تینوں میچ گنوا چکی راجستھان رائلس اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیمیں منگل کو جب آمنے سامنے ہوں گی تو ایک ٹیم کا کھاتہ کھلنا طے ہے ۔راجستھان اور بنگلور اس وقت آئی پی ایل 12 کی پھسڈی ٹیمیں ہیں۔ راجستھان ساتویں اور بنگلور آٹھویں نمبر پر ہیں۔
کل دونوں ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ راجستھان کو اب تک کنگز الیون پنجاب سے 14 رنز سے ، سن رائزرس حیدرآباد سے 5 وکٹ سے اور چنئی سپرکنگس سے آٹھ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بنگلور کو چنئی سے 7 وکٹ سے ، ممبئی انڈینز سے 6 وکٹ سے اور حیدرآباد سے 118 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دونوں ٹیموں کی آئی پی ایل میں اب تک کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے اور اس مہم میں نئی جان پھونکنے کے لئے انہیں جیت کی ضرورت ھے رایلس کی ٹیم اہم لمحوں پر حریف ٹیم پر شکنجہ کسنے میں ناکام رہی ہے ۔ تینوں ہی میچوں میں ٹیم اچھی پوزیشن میں تھی لیکن اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکی اور کنگز الیون پنجاب، سن رائزرس حیدرآباد اور چنئی سپرکنگس تینوں کے خلاف ہار گئی۔اتوار کو چنئی میں رائلس نے سپرکنگس کا اسکور تین وکٹ پر 27 رنز کر دیا تھا لیکن حریف کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 46 گیند میں ناٹ آوٹ 75 رن کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مشکل سے باہر نکال لیا اور میزبان ٹیم آٹھ رنز سے جیت درج کرنے میں کامیاب رھي ۔ رایلس کے پاس اسٹیو اسمتھ اور بین ا سٹوکس جیسے بڑے کھلاڑی ہیں لیکن ٹیم نتیجہ دینے میں ناکام رہی ہے ۔کنگز الیون پنجاب کے خلاف رائلس کے گیند بازوں نے بلے بازوں کو ڈیتھ اووروں میں تیزی سے رن بنانے دیے ۔ رہانے اور جوس بٹلر نے اس کے جواب میں ٹیم کو شاندار شروعات دلائی لیکن اس کے باوجود ٹیم جیت درج کرنے میں ناکام رہی۔ سنجو سیمسن نے آئی پی ایل 2019 کے پہلے سنچری لگائی۔ بٹلر اور رہانے نے عمدہ اننگز کھیلی ہیں جبکہ سپرکنگس کے خلاف راہل ترپاٹھی 39 رنز کی اننگز کے دوران اچھی تال میں نظر آئے لیکن ا سمتھ اور اسٹوکس امید پر کھرے نہیں اترے ہیں۔دوسری طرف آرسی بی کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ کی پہلی جیت درج کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ کپتان وراٹ کوہلی نے اعتراف کیا ہے کہ اتوار کو سنرائزرس حیدرآباد کے خلاف ٹیم کی شکست ان کی سب سے بدتر ہار میں سے ایک ھے ۔مھمان ٹیم کے پاس یقینی طور پر ایسے کھلاڑی موجودہ ہیں جو رائلس کو شکست دے سکتے ہیں۔ ٹیم کے پاس کپتان کوہلی کے علاوہ اے بی ڈیولیرس، پارتھیو پٹیل، معین علی اور شمرون ہٹمائر جیسے جارحانہ بلے باز ہیں لیکن اس کے باوجود تین میں سے دو میچوں میں اس کا بلے بازی آرڈر بری طرح ناکام رہا۔دونوں ہی ٹیموں کے ساتھ مسئلہ ہے کہ ان کی بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہی مایوس کر رہی ہے جبکہ دونوں کے پاس اسٹار کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ ہندوستانی کپتان اور دنیا کے بہترین بلے باز وراٹ کوہلی بنگلور ٹیم کے کپتان ہیں لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو حوصلہ افزائی نہیں کر پا رہے ہیں۔حیدرآباد سے 118 رن کی شکست کے بعد وراٹ نے کہا تھاکہ یہ ہماری اب تک کی بدترین شکست ہے ۔ ہم نے تمام شعبوں میں کافی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے باوجود ہم مایوس نہیں ہیں۔ اب ہمارے پاس 11 میچ باقی ہیں اور ہم معاملات کو تبدیل کر سکتے ہیں۔ ہمیں راجستھان کے خلاف اگلے میچ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جب چیزیں ہمارے موافق نہ جا رہی ہوں تو ہمیں فتح حاصل کرنے کے طریقے ڈھونڈنے ہوں گے ۔ اگلا میچ ہمارے لئے بہت اہم ہو جائے گا۔ وراٹ جیسی صورتحال میں راجستھان کے کپتان اجنکیا رہانے بھی ہیں اور ان کے لئے بھی اگلا میچ بہت اہم ہے ۔ رہانے نے کہاکہ میں بہت مایوس ہوں۔ ہم نے چنئی کے خلاف اچھی شروعات کی تھی لیکن گیند سے آخری پانچ اوورز میں میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔ ہمیں میچوں میں چھوٹے لمحے جیتنے ہوں گے ۔ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور تھوڑی کوشش سے ہماری قسمت تبدیل ہو سکتی ہے ۔دونوں ٹیموں کو جے پور کی گرمی سے بھی نمٹنا ہوگا جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے قریب چل رہا ہے ۔ ۔ اس مقابلے میں حتمی نتیجہ کچھ بھی رہے لیکن اتنا تو طے ہے کہ ایک ٹیم کے کھاتہ میں دو پوائنٹس جڑ جائیں گے ۔
المزيد من القصص
پٹنائک کاغذ کی مدد کے بغیر اوڈیشہ کے اضلاع کے نام بتائیں: مودی
کانگریس۔ سپا کا کردار رام اور ملک مخالف کا:یوگی
کانگریس چھوڑنے والے لیڈر کا انکشاف ‘شہزادے ’ کا ارادہ رام مندر پر سپریم کورٹ کےفیصلہ کو بدلنے کا: مودی