Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

اعلیٰ تعلیم یافتہ طلباء کمزوروںکوآگے بڑھائیں : مرمو

گوالیار میں واقع اٹل بہاری واجپائی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ کے چوتھے کانووکیشن کی تقریب سے صدرجمہوریہ خطاب

گوالیار۔ (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آج اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سماج کے ان لوگوں کے بارے میں بھی سوچیں جو ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گئے ہیں، کیونکہ دوسروں کی مدد کرنے سے خود کی صلاحیتیں بھی نکھرتی ہیں۔محترمہ مرمو مدھیہ پردیش کے گوالیار میں واقع اٹل بہاری واجپائی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ (آئی آئی آئی ٹی ایم) کے چوتھے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔


اس دوران ریاستی گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور مرکزی شہری ہوابازی کے وزیر جیوتی رادتیہ سندھیا بھی موجود تھے ۔محترمہ مرمو نے گوالیار کے اس انسٹی ٹیوٹ میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو بھی یاد کیا۔ انہوں نے ملک کی ترقی میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔محترمہ مرمو نے طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے توقع کرتی ہیں کہ وہ ان لوگوں کے بارے میں بھی سوچیں جو ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گئے ہیں کیونکہ دوسروں کی مدد کرنے سے اپنی صلاحیتوں میں بھی نکھار آتا ہے ۔ اپنے بیان کی تائید میں انہوں نے کہا کہ یہ ان کا اپنا تجربہ بھی ہے ۔ طلباء کو چاہیے کہ وہ غریب طبقے کی مدد کریں۔انہوں نے طلباء کو گرو کی طرح زندگی کا منتر دیتے ہوئے کہا کہ ہم جس راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں اس کا بھی وقتاً فوقتاً جائزہ لینا چاہیے ۔ ہو سکتا ہے کہ چند برسوں کے بعد یہ احساس ہو کہ ہم جس راستے پر چل رہے ہیں وہ ہمارے لیے ٹھیک نہیں ہے ، ایسی صورت میں فیصلہ لینے سے پیچھے نہ ہٹیں۔انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی میں واضح ہے کہ طلباء کو روایات کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی کو اپنانا چاہیے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس انسٹی ٹیوٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ ایک سنٹر آف ایکسیلنس بننے کی طرف گامزن ہے ۔ یہ ادارہ مقامی کمیونٹی کی مدد کے لیے سرگرمیاں بھی کرتا ہے ۔ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ ادارہ اس طرح ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے ۔ساتھ ہی انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ زیادہ طلباء کا پلیس منٹ ہوگیا ہے ، لیکن جن کا نہیں ہوا ہے ، ان کی صلاحیتوں کو کم نہ سمجھا جائے ۔گوالیار کو ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز بتاتے ہوئے محترمہ مرمو نے کہا کہ یہ شہر ریاست کے سب سے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہے ، جو اپنے محلات، مندروں اور قلعے کے لیے مشہور ہے ۔اس سلسلے میں، انہوں نے کہا کہ مراٹھوں کی جدوجہد میں سندھیا خاندان کا نمایاں حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھیا خاندان نے 20ویں صدی میں جدید صنعتوں کو فروغ دینے میں بھی فعال کردار ادا کیا ہے ۔محترمہ مرمو نے انسٹی ٹیوٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں میڈل اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔ اس سے پہلے گورنر مسٹرپٹیل، وزیر اعلیٰ مسٹر چوہان اور وزیر مسٹرسندھیا نے بھی طلباء سے خطاب کیا اور ان کے روشن مستقبل کی خواہش کی۔محترمہ مرمو اپنے ایک روزہ قیام کے حصہ کے طور پر آج دوپہر یہاں پہنچیں۔ قبل ازیں انہوں نے یہاں واقع ‘جئے ولاس پیلس’ کے میوزیم کا دورہ کیا اور اپنے اعزاز میں منعقدہ ضیافت میں بھی شرکت کی۔